Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک فضائیہ کے ایک اور شاہین نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا

اپ ڈیٹ 17 فروری 2020 11:04am

کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کا فائنل اتوار کی شب پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں بھارت کی ٹیم کو پاکستان کی ٹیم پر سبقت رہی، پہلے ہاف میں پوائنٹس 24-18 رہے، دوسرے ہاف میں پاکستان کی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور بھارتی ٹیم کی برتری کو کم کرنے میں کامیاب رہی۔

 پاکستانی ریڈرز کپتان عرفان مانا اور شفیق چشتی نمایاں رہے جو کہ زیادہ تر پوائنٹس لیکر ہی واپس لوٹتے رہے، ملک بن یامین نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے اپنی پوزیشن بہتر بنا لی اور بھارت کی ٹیم سے پوائنٹس میں آگے بڑھتی رہی یہ برتری میچ کے اختتام تک برقرار رکھی اور فائنل میں بھارت کو 43-41 سے شکست دے کر کبڈی ورلڈ کپ 2020ء جیت لیا۔

اس جیت کی خاص بات یہ تھی کہ قومی ٹیم کے کپتان عرفان مانا جٹ کا تعلق پاک فضائیہ سے ہے جو اس وقت چیف وارنٹ آفیسر کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

شائقین کبڈی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی، پنجاب اسٹیڈیم قومی کبڈی ٹیم کی فتح پر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، شائقین فتح پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔

کھلاڑیوں نے فتح کے بعد گراؤنڈ کا چکر بھی لگایا۔ کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے فائنل کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پاکستان کی فاتح کبڈی ٹیم و ورلڈ کپ ٹرافی، رنر اپ ٹرافی بھارت کو دی۔

 گورنرپنجاب نے پاکستان کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو سونے اور رنر اپ بھارت کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو چاندی کے میڈلز پہنائے، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے عالمی چیمپئن پاکستان کی ٹیم کو ایک کروڑ روپے انعام، رنراپ ٹیم بھارت کو 75 لاکھ روپے جبکہ ایران کی ٹیم کو تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر 50 لاکھ روپے کے انعامات دیئے گئے۔

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری سرور کو سوینئر پیش کیا جبکہ گورنر چودھری محمدسرور نے صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی زراعت ملک نعمان لنگڑیال اور کبڈی فیڈریشن پاکستان کے صدر چودھری شافع حسین، سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد ولکھ اور راؤ عمر ہاشم، کو سوینئر دیئے۔

ایران کی ٹیم نے آسٹریلیا کی ٹیم کو شکست دے کر کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایران نے آسٹریلیا کو 53-33 سے ہرایا۔