Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

حماس کی سوشل میڈیا پر اسرائیلی فوجیوں‌ کو پھنسانے کی چال کامیاب

اپ ڈیٹ 17 فروری 2020 07:27am
سائنس

فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت "حماس" نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں کے موبائل ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔

دوسری طرف اسرائیلی حکام نے بھی حماس کی طرف سے سوشل میڈیا کےذریعے فوجیوں کے بارے میں‌ معلومات کے حصول کی کوشش کا اعتراف کیا ہے۔

خبر رساں ادارے "العربیہ" کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے اعتراف کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر خوبصورت اور پرکشش لڑکیوں کی تصاویر پرمبنی اکاؤنٹس سے اسرائیلی فوجیوں کو دوستی کا پیغام بھیجا جاتا اور "فرینڈ ریکوسٹ" قبول کرنے کے بعد فوجیوں کو "ڈرٹی سافٹ ویئر" ڈاؤن لوڈ کرنے کو کہا جاتا تاکہ اس کے ذریعے حماس متعلقہ فوجی کے بارے میں اہم معلومات حاصل کرسکے۔

حماس نے اس حربے کی مدد سے نہ صرف اسرائیلی فوجیوں ‌بلکہ دیگر اسرائیلی شہریوں کو بھی اپنے چنگل میں ‌پھنسانے کی کوشش کی ہے۔ تاہم صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کی سوشل میڈیا کے ذریعے فوجیوں کو پھنسانے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

جب کہ حماس کا دعویٰ کے کہ وہ اسرائیلی فوجیوں کے اہم ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کرنل جوناتھن کونریکس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حالیہ مہینوں میں درجنوں فوجیوں کے فون ہیک ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی ہمیں معلوم ہوگیا کہ اس طرح کے حربے پیچھے کسی جنگجو گروپ کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ تحقیقات کرنے پر پتا چلا کہ یہ سب کچھ حماس کررہی ہے۔

کرنل کونریکس نے یہ بھی واضح کیا کہ حماس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے فوجیوں کو چنگل میں پھنسانے یہ تیسری کوشش ہے۔ اس سے قبل گذشتہ برس جولائی میں ایسی ہی ایک پیچیدہ مہم سامنے آئی تھی جس میں اسرائیلی فوجیوں‌ کےموبائل فون اور دیگر معلومات کے حصول کی کوشش کی گئی تھی۔

کونریکس نے انکشاف کیا کہ حماس نے متعدد سماجی پلیٹ فارمز بشمول واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹیلی گرام کا استعمال کرتے ہوئے لڑکیوں کی تصاویر کی ڈی پی والی آئی ڈیز سے فوجیوں سے رابطہ کیا۔

ترجمان نے واضح کیا ایک آئی ڈی سے ایک خود کو ایک نئی تارک وطن خاتون ظاہر کرنے والے شخص نے کہا کہ اس کی عبرانی زبان کم زور ہے اور وہ سیکھنا چاہتی ہے۔ براہ راست کال کے بجائے وہ بعض اوقات یہ بہانہ کرتا کہ اسے سماعت میں دشواری ہے۔ اس لیے وہ صرف تحریری مکالمہ چاہتی ہے۔ اس دوران وہ اپنی متعدد تصاویر بھی شیئر کرتا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ حماس کی سابقہ کوششوں کے مقابلے میں تازہ کوشش سوشل انجینئرنگ کی سطح بہت اونچی، نفیس اور زیادہ مؤثر ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حماس کے عناصر سوشل میڈیا کے استعمال کی اپنی مہارت میں اضافہ کر رہے ہیں۔