Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کی طبیعت ناساز، وصیت نے بھارتی انتظامیہ کو چکرا دیا

اپ ڈیٹ 17 فروری 2020 07:51am

سری نگر: بزرگ ترین کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کی شدید علالت اور وصیت کی خبروں نے مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارتی انتظامیہ کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔

روزنامہ جنگ  کے مطابق وصیت میں سید علی گیلانی نے مزارِ شہداء قبرستان میں اپنی تدفین کی خواہش ظاہر کی ہے۔

دوسری جانب حریت کانفرنس نے مظاہرین کے لیے احتجاجی پروگرام تشکیل دے دیا ہے۔

حریت کانفرنس کی جانب سے مظاہروں کے اعلان کے بعد بھارتی قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی سخت کر دی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے لیے دعائے صحت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سید علی گیلانی کی صحت اور درازی عمر کے لیے دعا گو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سید علی گیلانی کو تادیر سلامت رکھے، ان کا وجود کشمیریوں کے لیے  باعث حوصلہ ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی عزم وہمت کی ایک چٹان ہیں اور کوئی دنیاوی عہدہ، جبر، تشدد یا قید حتی کہ کوئی بھی چیز آپ کو جھکا نہیں سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی ہمت، حوصلے اور حق خودارادیت کے نظریے کی علامت بن چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو پیغام ہے کہ آج ہر پاکستانی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، سید علی گیلانی کو انشاءاللہ بھارت کے تسلط سے آزادی ملے گی۔

خیال رہے کہ بھارت نے  حریت کانفرنس کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی کو طویل عرصے سے نظر بند کررکھا ہے اور ان دنوں وہ شدید علیل ہیں۔

گذشتہ دنوں ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی جس کے باعث ان کے انتقال کی افواہیں بھی زیر گردش تھیں۔

سید علی گیلانی کے صاحبزادے  نسیم گیلانی نے ایسی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے والد کی طویل نظر بندی کے باعث طبیعت خراب ہوئی۔

چند روز قبل اپنے گھر میں نظر بند سید علی گیلانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کشمیری اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں جو کہ پاکستان کی صورت میں اُن کے سامنے موجود ہے۔