Aaj News

منگل, جنوری 14, 2025  
14 Rajab 1446  

وزیراعظم اپنے قریبی ساتھی نعیم الحق کی نماز جنازہ میں کیوں نہیں گئے؟ جواب مل گیا

اپ ڈیٹ 17 فروری 2020 07:44am
وزیر اعظم عمران خان- فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرحوم رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی نعیم الحق کے نماز جنازہ پر تحریک انصاف کے بیشتر رہنماﺅں نے شرکت نہیں کی۔

اس بات پر سوشل میڈ یا صارفین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے رہنما نماز جنازہ میں کیوں شریک نہیں ہوئے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اس سوال کا جواب دے دیا۔

صحافی مرتضی علی شاہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر نعیم الحق کی نماز جنازہ میں تحریک انصاف کے رہنماﺅں کی عدم شرکت کی بات کی تو فواد چوہدری نے جواب دے دیا۔

فواد چوہدری نے 16 فروری کو کئے گئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے نعیم الحق کی نماز جنازہ وزیراعظم ہاؤس میں ہوگئی کیونکہ نعیم الحق 2012 سے اسلام آباد میں رہ رہے تھے اور ان کے زیادہ تر دوست اور جاننے والے اسلام آباد میں ہی ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ نعیم الحق کے خاندان کے لوگ بھی اسلام آباد آرہے ہیں، اس لیے کل شام وزیراعظم ہاؤس میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کے سیاسی مشیر و معاون خصوصی نعیم الحق کو کراچی کے گزری قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ہے۔

نماز جنازہ میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، گورنرسندھ، گورنرپنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت پی ٹی آئی کے کارکنان سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

وزیراعظم کے رفیق نعیم الحق  کو آہوں اور سسکیوں میں گزری قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔اس سے قبل انکی نماز جنازہ عائشہ مسجد ڈیفنس میں نماز ادا کی گئی۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری،گورنر سندھ، وزیراعلی پنجاب، وفاقی وزراء،ن لیگ اور جی ڈی اے  کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

نعیم الحق طویل علالت کے بعد گزشتہ روزکراچی میں انتقال کرگئے تھے۔

مرحوم نے سوگواران میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔