Aaj News

منگل, نومبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Awwal 1446  

سام سنگ کا نیا شیشے کی اسکرین والا فولڈایبل فلپ فون

شائع 16 فروری 2020 04:47am
سائنس

سام سنگ نے اپنے نئے گیلیکسی زیڈ فلپ فون کی رونمائی کردی ہے۔ اس فون کی تشہیر کافی مہینوں سے جاری تھی اور دنیا بھر میں اس کا انتظار کیا جا رہا تھا۔

یہ سام سنگ کا دوسرا فولڈ ایبل فون ہے۔ جس کا ڈیزائن بالکل موٹورولا کے نیو ریزر فون جیسا ہے۔

زیڈ فلپ فون کی 6.7 انچ کی گلاس اسکرین ہے جسے تہہ کر کے بند کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بیرونی حصے پر بھی ایک اسکرین ہے، جو آپ کو نوٹیفیکشنز سے آگاہ رکھتی ہے۔

سام سنگ کی مارکیٹنگ ڈائریکٹر نے ٹیکنالوجی سے متعلق خبر رساں ادارے "سی نیٹ" سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک نیا مستقبل تشکیل دینا چاہتے ہیں۔

گیلیکسی فولڈ کا 4.6 انچ کا ڈسپلے فولڈ کھولنے پر 7.3 انچ ہو جاتا ہے۔ جب کہ ریزر کی بیرونی اسکرین کا سائز 2.3 انچ ہے۔ جب اسے پورا کھولتے ہیں تو اسکرین کا سائز بڑھ کر 6.2 انچ ہو جاتا ہے۔

شیشے سے بنے اس فلپ فون قیمت 1380 ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 15 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے جو 14 فروری سے مارکیٹ میں دستیاب ہے۔

فولڈ ہونے والے موبائل فونز کی نسل میں یہ پہلا ایسا فون ہے جو شیشے سے تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی کو توقع ہے کہ اس سے فون کی سیلز میں اضافہ ہو گا۔

فولڈ ہونے والی اسکرین کے لیے پلاسٹک کی بجائے شیشے کا استعمال اس لیے کیا گیا ہے کہ یہ زیادہ پائیدار ہوتا ہے اور اس پر خراشیں پڑنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔

سام سنگ نے اپنے اس نئے فون کے لیے ایک خاص قسم کا شیشہ استعمال کیا ہے جسے پروپرائٹی بینڈایبل گلاس کہا جاتا ہے۔ اسے الٹرا تھن گلاس بھی کہا جا رہا ہے۔

سام سنگ کا کہنا ہے کہ فون میں اس خصوصی شیشے کا استعمال اسے زیادہ جاذب نظر اور نفیس بنائے گا اور اس سے فون کی افادیت میں اضافہ ہو گا۔

کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ فولڈ ہونے والے فون میں شیشے کی اسکرین استعمال کی گئی ہے۔

سام سنگ کے مطابق فولڈ ہونے والے نئے ماڈل کی قیمت گزشتہ سال کے اسی قسم کے فون سے کم رکھی گئی ہے، لیکن اس میں صارف کے لیے زیادہ ایپس فراہم کیے گئے ہیں۔ جب کہ اس ماڈل میں فائیو جی کی سہولت بھی دستیاب ہے۔