Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کون تھے؟ جانیئے

شائع 15 فروری 2020 06:14pm

نعیم الحق11جولائی1949کو کراچی میں پیدا ہوئے،ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کی اور پھر جامعہ کراچی سے انگلش لٹریچرمیں ماسٹرز کیا۔ انہوں نے ایس ایم لا کالج سے قانون کی ڈگری بھی مکمل کی۔

نعیم الحق پیشے کے اعتبار سے بینکر اور کاروباری شخصیت تھے۔ وہ نیویارک کے یو این پلازہ میں نیشنل بینک کی شاخ قائم کرنے والی ٹیم کا حصہ رہے اور پھر 1980میں بطورمرچنٹ بینکرلندن میں رہائش اختیارکرلی۔

وہیں اِن کی عمران خان سے ملاقات ہوئی جو بعد میں گہری دوستی میں بدل گئی۔ نعیم الحق ایروایشیا کمپنی کے ایم ڈی اور میٹروپولیٹن اسٹیل کے چیئرمین بھی رہے۔

نعیم الحق انیس سو چوراسی میں ایئرمارشل اصغرخان کی جماعت تحریک استقلال میں شمولیت اختیار کی اور پھر کراچی منتقل ہوگئےاور1988کے الیکشن میں تحریک استقلال کے ٹکٹ پر اورنگی سے الیکشن بھی لڑا۔

نعیم الحق نے1996میں عمران خان کے ساتھ تحریک انصاف کی بنیاد رکھی اور پھر پارٹی کو ہی اپنا اوڑھنا بچھونا بنالیا ۔2012 میں نعیم الحق چیئرمین تحریک انصاف کے چیف آف اسٹاف بن کر اسلام آباد منتقل ہوگئے۔

نعیم الحق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا حصہ اور انفارمیشن سیکریٹری بھی رہے اور اس وقت وہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی  برائے سیاسی امور تھے۔