Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

'بلاول کے ابھی کھیلنے کے دن ہیں، گرفتاری نہیں ہوگی'

اپ ڈیٹ 15 فروری 2020 01:39pm
فائل فوٹو

لاہور: شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان پر اس عمر میں آرٹیکل چھ لگانا مناسب نہیں، بلاول بھٹو کے ابھی کھیلنے کے دن ہیں، ان کی گرفتاری نہیں ہوگی۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر برائے ریلوے نے کہا پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے رہنماؤں کی خاموشی خطرناک ہے، سیکیورٹی ادارے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان فارغ نہیں ہورہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، ماضی میں لوٹ مار کی گئی، اسی وجہ سے معیشت سنبھالنے میں وقت لگا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ انکی ایک جیب میں پیپلزپارٹی ہے تو دوسری میں مسلم لیگ نون۔ مولانا فضل الرحمن اسلام آباد آئے تو دھرلئے جائینگے۔

 شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف مارچ میں وطن واپس آنا چاہتے ہیں تاہم انہیں اب پہلے جیسی رعایت نہیں ملے گی۔ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کوئی تحریک نہیں چلانے جارہے تاہم دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی خاموشی خطرناک ہے۔

شیخ رشید نے چودھری نثار کی نوازشریف سے ملاقات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کا صرف یہی مطالبہ ہے کہ انہیں رعائتیں دی جائیں اور مریم نواز کو بیرون ملک جانے دیا جائے۔