Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے "کوئٹہ" کا نام چھن جانے کا امکان

شائع 15 فروری 2020 04:28am

پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل تنازعے کا شکار ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان حکومت نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے لا تعلقی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے باعث پی ایس ایل چیمپئن ٹیم سے کوئٹہ کا نام چھن سکتا ہے۔

اس حوالے سے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹیم کے مالک سے کوئٹہ کے کھلاڑیوں کو مواقع دینے کا مطالبہ کرنے پر انہوں نے یہ کہہ دیا ہے کہ اگر ان پر زیادہ دباو ڈالا گیا تو وہ ٹیم کا نام تبدیل کر دیں گے۔

ٹیم کے مالک ندیم عمر نے جواب دیا ہے کہ وہ ٹیم کا نام تبدیل کر کے چارسدہ گلیڈی ایٹرز رکھ دیں گے۔

اس تمام تنازعے کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کٹ کی نمائش کی تقریب میں صوبائی حکومت کی کسی شخصیت نے شرکت نہیں کی۔

جبکہ بلوچستان حکومت نے پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے اور کوئٹہ میں میچ نہ کرانے پر صوبائی سطح پر کوئٹہ پریمیئر لیگ کرانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ کوئٹہ پریمئر لیگ میں کرکٹ کے کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع ملیں گے اور وہ ثابت کر سکیں گے کہ وہ پاکستان سپر لیگ سمیت کسی بھی ٹیم کا حصہ بننے کے اہل ہیں۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے دو کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا جن میں جلات خان اور بسم اللہ خان شامل ہیں۔

جبکہ پی ایس ایل 5 کیلئے عبدالناصر نامی نوجوان کرکٹر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔