Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

دہشت گردی کی مالی معاونت کیا ہوتی ہے؟

اپ ڈیٹ 13 فروری 2020 06:50am

پاکستان میں بدھ کو کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردی کے لیے رقم جمع کرنے اور کالعدم تنظیم کا رکن ہونے پر 11 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

یہ پاکستان میں پہلی بار ہوا ہے کہ کسی کالعدم جماعت کے سربراہ کو دہشت گردی کے لیے رقم جمع کرنے کے الزام میں سزا ہوئی ہے۔

دہشت گردی کے مقاصد کے لیے چندہ اکھٹا کرنا پاکستان کے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی شق 11 ایچ کے تحت قابل سزا جرم ہے۔

دہشت گردی کے لیے بالواسطہ یا بلاواسطہ پیسے، اشیا یا پراپرٹی جمع کرنا اور پیسے جمع کرنے کی ترغیب دینا اس جرم کے دائرے میں آتا ہے۔

اس شق کے تحت کوئی شخص جو دوسروں سے رقم اور دیگر اشیا فراہم کرنے کی ترغیب دے اور اسے معلوم ہو یا اس کا ارادہ ہو کہ یہ رقم اور جائیداد دہشت گردی کے لیے استعمال ہو گی تو وہ مجرم تصور ہو گا۔ اسی طرح ان مقاصد کے لیے کوئی شخص اگر چندہ اکھٹا کرے تو اس پر بھی دہشت گردی ایکٹ کی اس دفعہ کا اطلاق ہوگا۔