Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

مسٹر 10 پرسنٹ کے ذکر پر ایوان میں ہنگامہ برپا ہوگیا

شائع 12 فروری 2020 10:21am

اسلام آباد: وزیرتوانائی عمرایوب کی جانب سے "مسٹر 10 پرسنٹ" کے ذکر پر ایوان میں ہنگامہ برپا ہوگیا، عمرایوب کی تقریر کے دوران نوید قمر سمیت اپوزیشن ارکان کھڑے ہوگئے اور ان کا گھیراؤ کرلیا۔

نوید قمر اور آغا رفیع اللہ سمیت اراکین عمرایوب کے پاس پہنچ گئے، جس کے بعد اجلاس کی کارروائی10منٹ کے لئے ملتوی کردی گئی ۔

عمرایوب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا حفیظ شیخ نے درست اعدادوشمار کے ساتھ بات کی، امید تھی کہ اپوزیشن کی جانب سے تجاویزآئیں گی، بدقسمتی سے اپوزیشن نے بغیر دلیل کے بات کی۔

عمرایوب نے کہا میں کہناچاہتا ہوں کہ آپ حقائق سے آنکھیں نہیں چراسکتے، پیپلزپارٹی کےدورمیں آج سے زیادہ مہنگائی تھی، پی پی اور ن لیگ کے دور میں نوٹ چھاپ کرمہنگائی بڑھائی گئی، ماضی کی حکومتوں کی پالیسیوں کا خمیازہ ہم نےبھگتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی پی اورن لیگ نے ملک کے ساتھ کھیل کھیلا ہے، ماضی کی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ و برباد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حقائق بھول کر مگرمچھ کے آنسو بہارہی ہے، ایک سال میں گردشی قرضہ 400 ارب سے زائد بڑھا، بیک ڈور ڈیلز کے ذریعے انڈسٹری کا بیڑا غرق کردیا گیا۔ مسلم لیگ نے 24 ارب ڈالر اڑا دیئے۔

عمرایوب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاور سیکٹر کے ساتھ کھڑے ہیں، بجلی چوری کی روک تھام سےبہت بہتری آئی ہے۔ وزیر توانائی نے کہا اپوزیشن اپنے لئے راہ فرار ڈھونڈ رہی ہے، اپوزیشن لیڈر پہلے ہی فرار ہیں۔