Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

'سندھ اور لاڑکانہ کتوں کی زد میں ہیں'

شائع 12 فروری 2020 04:04am

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ آیندہ اگر پارلیمنٹ میں فرزند زرداری نے غیر مہذب گفتگو کی تو انہیں بات نہیں کرنے دوں گا۔ احتساب ہوا تو بلاول کو اپنی آکسفورڈ کی فیس بھی واپس کرنا پڑے گی۔  ہم ان کی سنتے رہے کہ یہ بھی سنیں گے لیکن یہ نہیں پتہ تھا کہ وہ بھاگ جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کی شان ہے آج زرداری کا بیٹا ہمیں باتیں سنا رہا ہے، یہ لاڑکانہ کا ایم این اے ہے، لاڑکانہ میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں، سندھ اور لاڑکانہ کتوں کی زد میں ہے۔ یہ جو باؤلے کتے انہوں نے چھوڑے ہوئے ہیں ان کو ہم نے پکڑنا ہے۔ ہم ان کتوں کو پکڑیں گے جو روزانہ سندھ کے شہریوں کو کاٹتے ہیں۔

مراد سعید نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ منتخب کریں میں الیکشن لڑوں گا۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ایوان میں آتا ہوں اپوزیشن کی کوشش ہوتی ہے مجھےموقع نہ ملے، جب مجھےموقع ملتا ہے تو یہ بیان دے کرفوری بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو تمام ادارے دیوالیہ کے قریب تھے، اپوزیشن نے تمام عمارتوں کوگروی رکھا ہوا تھا، ہم نے حکومت سنبھالی تو 24 ہزار ارب قرضہ، پورا ملک گروی رکھا ہوا تھا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ وصیت اور پرچی لے کر سیاست میں آنے والے سلیکٹڈ کی بات کرتے ہیں، پرچی لہرا کر سیاست میں آتے ہیں اور ہمارے قائد پر تنقید کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کا رخ سندھ کی طرف کیا تو پی پی نے اسے کیوں روکا، سندھ حکومت نے کہا ہمیں صحت انصاف کارڈ کے نام پر اعتراض ہے، سندھ حکومت کہتی ہے صحت انصاف کارڈ کانام تبدیل کر کے بی بی کے نام سے رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی میں اپنی پچ پر کھیل رہا ہوں، پرچی لے کر اسمبلی میں نہیں آیا، درست احتساب ہو تو بلاول بھٹو کو اپنی آکسفورڈ کی فیس بھی واپس کرنا ہوگی۔

مراد سعید نے بنا نام لئے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آوازیں لگانے والے پہلے باپ کے غلام تھے آج بیٹے کے غلام ہیں۔