Aaj News

منگل, نومبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Awwal 1446  

ملتان سلطانز کے فینز ہماری اصل طاقت ہیں: علی ترین

شائع 11 فروری 2020 05:28pm

ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین نے ملتان کی یونیورسٹیز کا دورہ کیا، اسٹار فاسٹ بولر محمد عرفان اور نوجوان لیگ اسپنر عثمان قادر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ملتان سلطانز کی موبلازیشن مہم کے دوران ٹیم اونر ملتان سلطانز علی خان ترین نے اسٹار فاسٹ بولر محمد عرفان اور نوجوان لیگ اسپنر عثمان قادر کے ہمراہ ملتان کی مختلف یونیورسٹیز کا دورہ کیا جہاں کوئز پروگرام اور "ون ٹِپ چیلنج" میں جیتنے والے طلباء میں ملتان سلطانز کی شرٹس اور ملتان میں شیڈول پی ایس ایل کے میچز کے ٹکٹس تقسیم کئے۔

بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، ملتان میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے علی ترین کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کے فینز ہماری اصل طاقت ہیں اور کوئی بھی ٹیم اپنے فینز کی سپورٹ کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔

علی ترین اس موقع پر نوجوانوں کے ساتھ گھل مل گئے اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہ جب شرارتی، شگلی نوجوان اور یونیورسٹیز کے طلباء گراؤنڈ میں ہماری ٹیم کو سپورٹ کرینگے تو ٹیم کا مورال بھی بلند ہوگا۔

علی ترین نے مزید کہا کہ وہ ملتان سلطانز کے اسکواڈ سے بہت خوش ہیں اور وہ پرعزم ہیں کہ ان کی ٹیم پی ایس ایل سیزن فائیو میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی جبکہ ملتان میں شیڈول تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ملتان سلطانز کی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے۔

ملتان کو پہلی مرتبہ میزبانی ملنے کے حوالے سے علی ترین کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ملتان کو تین میچز کی میزبانی ملی ہے اور کوشش ہوگی کہ اگلے سال ملتان میں زیادہ میچز کا انعقاد ہو۔

ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد میرٹ پر زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اپنی ٹیم میں موقع دینا ہے اور وقت گزرنے کےساتھ ساتھ مزید نوجوان کھلاڑی ملتان سلطانز کے اسکواڈ کا حصہ ہونگے۔

ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شامل مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی موجودگی کے حوالے سے علی ترین کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی ہماری ٹیم کے مینٹور ہیں اور وہ ہمارے فیوچر پلیئرز کےساتھ ساتھ نوجوان کپتان کو بھی گروم کریں گے۔

ملتان سلطانز کے اسٹار فاسٹ بولر محمد عرفان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ ملتان میں پی ایس ایل کے میچز کھیلنے کیلئے بہت پرجوش ہیں اور کوشش کریں گے کہ اپنے فینز کے سامنے یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کریں جبکہ نوجوان لیگ اسپنر عثمان قادر کا کہنا تھا کہ وہ بہت بے تابی سے پی ایس ایل شروع ہونے کا انتظار کررہے ہیں جہاں انہیں کارکردگی دکھانے کےساتھ ساتھ سیکھنے کا بھی بہت موقع ملے گا۔

سماجی تنظیم لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے تعاون سے ملتان کی چار یونیورسٹیز بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، وومن یونیورسٹی، ایجوکیشن یونیورسٹی اورایگریکلچر یونیورسٹی میں ان ایونٹس کا انعقاد کیا گیا جن کا مقصدملتان کی یونیورسٹریز کے طلبا کو دعوت دینا تھی کہ وہ سب 26، 28 اور 29 فروری کو ملتان اسٹیڈیم آئیں اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں۔