Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیشی پرچم جوتوں تلے روند ڈالا

اپ ڈیٹ 10 فروری 2020 11:05am

بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش سے فائنل ہارنے کے بعد آپے سے باہر ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے نہ صرف بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر جملے کسے گئے بلکہ بنگلہ دیشی پرچم کو جوتوں تلے روند ڈالا۔

میچ آفیشلز نے فوری طور پر مداخلت کرکے کسی بھی افسوسناک واقع کو رونما ہونے سے بچایا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے بھارت کو فیصلہ کن معرکے میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا۔

بھارتی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 177 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 42.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کپتان اکبر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 رنز کی اننگز کھیل کر بھارت کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

بنگال ٹائیگرز کی فتح کے بعد بنگلہ دیش میں خوب جشن منایا گیا، لوگوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں جبکہ بھارتی سورماؤں کی شکست پر بھارت میں صف ماتم بچھ گیا، جیسوال کی 88 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔

اتوار کو پورٹ چیفسٹروم میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ فائنل میں بنگلہ دیشی کپتان اکبر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے کیپٹن کے فیصلے کو درست ثابت کر دیا، بھارتی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 47.2 اوورز میں 177 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، یاشاسوی جیسوال کے سوا بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی بنگلہ دیشی باؤلرز کی عمدہ لائن و لینتھ باؤلنگ کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکا۔

جیسوال 88 رنز بنا کر نمایاں رہے، دیویانش سیکسینا 2، تیلک ورما 38، کپتان پری یام گارج 7، دھرو جورل 22، اتھروا 3، روی بسہونی 2، سوشانت مشرا 3، کارتک اور سدیش بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ایوی شیک داس نے 3 جبکہ شوریف الاسلام اور تنظیم حسن شکیب نے 2، 2 اور رقیب الحسن نے 1 وکٹ لی۔

جواب میں بنگلہ دیشی انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 41 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنا لئے تھے کہ بارش شروع ہو گئی، اس کے بعد جب بارش تھمی کو بنگلہ دیشی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت فتح کیلئے 5 اوور میں 7 رنز کا ہدف ملا تو بنگلہ دیشی ٹیم نے مزید نقصان اٹھائے بغیر ہدف حاصل کر لیا، کپتان اکبر علی 43 اور رقیب الحسن 9 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پرویز حسین 47، تنزید حسن 17، محمودالحسن 8، توحید ہری ڈوئے صفر، شہادت حسین 1، شمیم حسین 7 ایوی شیک داس 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔