Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی

شائع 08 فروری 2020 11:20am

بینونی: روحیل نذیر کی زیر قیادت پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم  نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے لیے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ گروپ مرحلے میں بہتر پوائنٹس کی بنیاد پر پاکستان کی ٹیم تیسری پوزیشن کی حقدار قرار پائی۔

جنوبی افریقہ کے شہر بینونی میں بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ٹاس کیے بغیر منسوخ کردیا گیا۔ گروپ مرحلے میں پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 5 اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس کی تعداد 3 تھی۔

ایونٹ کے گروپ مرحلے میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ اور زمباوے کو شکست دی تھی جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں افغانستان کی ٹیم کو شکست دینے والی قومی انڈر 19 ٹیم کو سیمی فائنل میں بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حارث 5 میچوں کی3 اننگز میں 131 رنز بناکر پاکستان کے سب سے بہترین بلے باز اور محمد عباس آفریدی 5 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کرکے سب سے بہترین بولر رہے۔