Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مقبوضہ بیت المقدس: نامعلوم شخص نے 14 اسرائیلی فوجی گاڑی تلے روند ڈالے

شائع 08 فروری 2020 05:00am

مقبوضہ بیت المقدس میں ایک نامعلوم شخص نے گاڑی تلے روند کر 14 اسرائیلی فوجیوں کو زخمی کر دیا، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 2 بجے کے قریب پیش آیا۔ گاڑی چلانے والا شخص کارروائی کے بعد اسرائیلی فوجیوں کی افراتفری کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

بعد ازاں اسرائیلی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ بیت المقدس میں فوجیوں کو روندنے کی کارروائی میں استعمال ہونے والی گاڑی بیت لحم کے نزدیک کھڑی مل گئی ہے۔

اسرائیلی ذرائع کے مطابق پولیس نے اس کارروائی کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ جائے وقوعہ پر ابتدائی تصاویر اور وڈیوز میں پولیس اور ایمبولینس کی متعدد گاڑیاں نظر آ رہی ہیں۔

بیت المقدس میں "العربيہ" اور "الحدث" نیوز چینل کے نمائندے کے مطابق اسرائیلی حکام کا خیال ہے کہ گاڑی چلانے والا شخص بیت المقدس میں آباد کوئی عرب ہے۔

اسرائیلی حکام گاڑی چلانے والے شخص کی شناخت اور فرار کی سمت کے بارے میں جاننے کے لیے علاقے میں نصب سیکیورٹی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیں گے۔

یہ واقعہ ایسے علاقے میں پیش آیا ہے جہاں بڑی تعداد میں قہوہ خانے اور ریستوران واقع ہیں۔

اسرائیلی طبی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے 14 افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مشرق وسطیٰ امن منصوبے کے اعلان کے بعد اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان ایک مرتبہ پھر کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں قابض اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں ایک فلسطینی شہید اور سات زخمی ہو گئے۔