Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈونلڈ ٹرمپ مواخذے کے مقدمے میں تمام الزامات سے بری

اپ ڈیٹ 06 فروری 2020 07:58am
فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور ایوان نمائندگان کے کام میں مداخلت کے الزامات ثابت نہ ہوسکے،  سینیٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مواخذے کے مقدمات کے  تمام الزامات سے بری کردیا، جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ صدر کے عہدے پر برقرار ہیں۔

سینیٹ میں صدر ٹرمپ کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور ایوانِ نمائندگان کے کام میں مداخلت کرنے کے دو مختلف الزامات پر ووٹنگ ہوئی۔

 طاقت کے غلط استعمال کے الزام کی حمایت میں اڑتالیس جبکہ مخالفت میں باون ووٹ پڑے اور ایوان نمائندگان کے کام میں مداخلت کرنے کے الزام کی حمایت میں سنتالیس اور مخالفت میں تریپن ووٹ آئے۔

صدارتی الیکشن آفس سے جاری  بیان میں کہا گیا کہ ڈیموکریٹس ٹرمپ کو مات نہیں دے سکتے اس لئے مواخذے کا راستہ اپنایا۔ مواخذہ امریکی سیاسی تاریخ میں بدترین غلطی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

امریکی صدر کے بری ہونے کے فیصلے پر واشنگٹن، لاس اینجلس اور شکاگو میں مظاہرہ ہوا، مخالفین نے ٹرمپ کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔