Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

تجویز کی گئی نئی فلطسینی ریاست کا دارالحکومت کہاں ہے؟

اپ ڈیٹ 06 فروری 2020 08:13am

امریکا نے مشرق وسطیٰ امن منصوبے کے تحت مشرقی القدس کے قصبے ابو دیس کو مجوزہ فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تجویز کیا ہے۔ جسے القدس کے مشرقی مقامات سے اسرائیلی دیوار الگ تھلگ کیے ہوئے ہے۔

ابو دیس کے باشندے ابو دیس کو مستقبل میں فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کی امریکی تجویز کو مسترد کر چکے ہیں۔

الشرق الاوسط کے مطابق ابو دیس کے باشندوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی دیوار کی دوسری جانب متنازع علاقے کے حوالے سے بہت سارے سوالات ہیں جن کا ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا۔ متنازع علاقہ فلسطینی ریاست کا دارالحکومت کیسے بن سکتا ہے۔

امریکی دستاویزات کے بموجب ابو دیس فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنے گا۔ القدس کا مضافاتی علاقہ پہلے القدس کا حصہ تھا اب اسے اسرائیلی دیوار الگ تھلگ کیے ہوئے ہے۔

امریکی دستاویزات کے مطابق ابو دیس قصبہ مشرقی القدس میں واقع ہے۔ مستقبل میں اس کا نام بیت المقدس بھی ہوسکتا ہے۔ فلسطینی اس کا کوئی اور نام بھی منتخب کرسکتے ہیں۔

ابو دیس جانے کے لیے القدس سے ہوکر گزرنا پڑے گا۔ اس کے لیے جنوب میں راس العمود محلے تک جانا ہوگا جہاں سیاحوں کی بسیں قدیم شہر کی فصیلوں کے بالمقابل سڑک کے دونوں جانب کھڑی ہوتی ہیں اور وہاں سیاحوں کو بیت المقدس جانے کے لیے اتارتی ہیں۔

ابو دیس جانے کا راستہ انتہائی پیچیدہ ہے۔ یہاں دارالحکومت تو بڑی بات ہے کسی جدید شہر کی بنیادی سہو لتیں بھی میسر نہیں۔

ابو دیس سے مشرقی القدس اور مسجد اقصیٰ کے گنبد صخرا کو دیکھنے کے لیے آپ کو کسی عمارت کی چھت پر کھڑا ہونا پڑے گا۔ اس کے بغیر ابو دیس کا کوئی باشندہ مسجد اقصیٰ اور گنبد صخرا نہیں دیکھ سکے گا۔