Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے سات ماہ میں ریکارڈ ریوینیو حاصل کیا

شائع 05 فروری 2020 04:14pm

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو رواں مال سال کے پہلے سات ماہ کے دوران ٹیکس ریونیو کی مد میں 17فیصد اور اندرونی ٹیکسز کی مد میں 27 فیصد اضافہ حاصل ہوا۔

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس ریونیو سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر نے رواں مالی سال کے سات ماہ میں ریکارڈ 2407 ارب روپے کا ریوینیو حاصل کیا ہے جو کہ پچھلے سال کے سات ماہ میں اکھٹا ہونے والے 2062ارب روپے کے مقابلے میں 17فیصد زائد ہے۔

یہ اضافہ درآمدات میں پانچ ارب ڈالر کے دباؤ کے باوجود حاصل کیا گیا۔ پچھلے سال ایف بی آر نے درآمد کے وقت عائد انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی کی بدولت 1005ارب روپے کا ریوینیو اکھٹا کیا جس میں رواں سال چھ فیصد اضافہ ممکن ہوا اور درآمد کے وقت کسٹمز ڈیوٹی اور انکم ٹیکس میں منفی اثرات کے باعث 1066ارب روپے کا ریوینیو اکھٹا ہوا۔

اس کے برعکس پچھلے سال کے مقابلے میں رواں مالی سال اندرونی ٹیکسز میں 27فیصد اضافہ حاصل ہوا اور پچھلے سال کے 1066ارب روپے کے حاصل کردہ اندرونی ٹیکسز کے مقابلے میں رواں سال 1341ارب روپے کا ریوینیو اکھٹا ہوا۔

رواں سال میں اضافہ ایف بی آر کی انتھک کوشش کا نتیجہ ہے جو کہ معیشت کی سست روی اور سخت اقدامات نہ اٹھانے کے باوجود حاصل ہوا۔ تاہم یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ معیشت کی بحالی اور ایف بی آر کی کوششوں کے باعث ایف بی آر رواں سال اپنے ہدف کے قریب تر ریوینیو حاصل کر لے گا۔