Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے میچ آفیشلز تعینات

شائع 05 فروری 2020 10:21am

لاہور: آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

جمعہ سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں رچی رچرڈسن میچ ریفری جبکہ نائجل لونگ اور کرس گیفنی آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں ماریز ایریزمیس ٹی وی امپائر اور شوزب رضا فورتھ امپائر ہوں گے۔

رچی رچرڈسن دوسری مرتبہ پاکستان آرہے ہیں۔ وہ اس سے قبل ستمبر 2017 میں آئی سی سی ورلڈالیون ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کےدورہ پاکستان کے دوران بھی میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن بطور کرکٹر 1985 سے 1996 کے دوران پاکستان میں 21 ایک روزہ اور 6ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔

کرس گیفنی اور ماریز ایریزمس پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہےہیں تاہم نائجل لونگ اس سے قبل بھی پاکستان میں 6 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

نائجل لونگ کا راولپنڈی میں امپائرنگ کا یہ پہلاتجربہ ہوگا وہ اس سے قبل پاکستان کے تین مختلف شہروں کراچی (3)، لاہور(2)اور ملتان (1) میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔

نائجل لونگ نے آخری مرتبہ پاکستان میں 2009 میں سری لنکا سیریز میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں تھیں۔