راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے کمنٹری پینل اور براڈکاسٹ پلان تیار
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل میچ 7 فروری سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔
اس حوالے سے پی سی بی نے کمنٹری پینل اور براڈ کاسٹ پلان کا اعلان کردیا ہے۔ میچ کی براڈ کاسٹ کوریج ٹین اسپورٹس کے اشتراک سے ممکن ہوگی جو 23 مختلف ایچ ڈی کیمروں کی مدد سے مداحوں کو ٹی وی اسکرین سے جوڑے رکھے گی۔
براڈ کاسٹ پلان میں 2 سپر سلو اسپن ویژن کیمراز سمیت ایک الٹر ہائی اسپیڈ کیمرہ بھی شامل ہے۔ میچ کے دوران اسٹمپ کیمراز اور ہاک آئی بال ٹریکنگ سمیت جدید پروڈکشن کا یہ نظام امپائرز کو ڈی آر ایس کے فیصلوں میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔
دن کے آغاز سے قبل اور اختتام پر اسٹریٹ ڈرائیو شو کے ذریعے دن بھر کے کھیل پر تجزیہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر سابق کرکٹر رمیز راجہ، بازید خان، اطہر علی خان، شمیم چوہدری اور ڈینی موریسن بطور کمنٹیٹرز میچ کے دوران میدان میں ہر لمحہ بدلتی صورتحال پر تبصرہ کریں گے۔
Comments are closed on this story.