Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

الفجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ، قومی کھلاڑیوں کی وطن واپسی

اپ ڈیٹ 04 فروری 2020 03:02pm

الفجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد قومی کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے۔

 یو اے ای سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر قومی کھلاڑیوں کا پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے نمائندوں اور پلیئرز کے عزیز و اقارب نے شاندار استقبال کیا۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی فضاء پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

چیمپیئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ سوات کی 9 سالہ عائشہ ایاز نے الفجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلایا تھا۔

تین روزہ مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے 5 سلور اور 3 برانز میڈلز بھی جیتے۔  عائشہ انور، فاطمہ خاور، سینان اشفاق، محمد دانش اور محمد مرتضی عباس نے چاندی کے تمغے حاصل کیے۔ ملائکہ نایاب، انوشے علیم اور محمد عبدل عابدی نے کانسی کے تمغے جیتے۔

یو اے ای کی ریاست الفجیرہ میں ہونے والی چیمپئن شپ میں 32 ممالک کے سیکڑوں کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ وسیم احمد جنجوعہ نے کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی ہے۔

ٹیم کو دیئے ایک تہینتی پیغام میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ    فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کرے گی۔

پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ وسیم احمد جنجوعہ  نے کہا کہ الفجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی مجموعی طور پر بہتر رہی۔ دنیا بھر سے نامور مارشل آرٹ کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ کچھ پاکستانی کھلاڑیوں کو مضبوط حریف کھلاڑیوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال پاکستان انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن جی آئی اور سیف تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔