Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیمی فائنل میں عبرتناک شکست دے کر بھارت نے پاکستان کا سفر تمام کردیا

اپ ڈیٹ 04 فروری 2020 04:24pm

انڈرنائنٹین کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل سے قبل ہی پاکستان ٹیم کی چھٹی ہوگئی۔ سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت سے 10 وکٹوں سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

بھارت کیخلاف انڈر نائنٹین ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں شاہینوں کے اوسان خطا ہوگئے، بیٹنگ نے ستم ڈھائے تو بولرز نے بھی ہاتھ پیر ڈال دیئے اور کوئی کرشمہ نہ دکھاسکے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدر اور روحیل نے نصف سنچریاں بنائیں لیکن پھر وکٹوں کی جھڑی لگ گئی۔ اننگز 44 ویں اوور میں 172 پر نمٹ گئی، آخری 6 وکٹیں 26 رنز پر گریں اور 8 کھلاڑیوں نے ڈبل فیگرز میں داخل ہونے کی بھی زحمت نہ کی۔

تعاقب میں دفاعی چیمپئن بھارت نے تحمل مزاجی دکھائی اور ہستے کھیلتے 36 ویں اوور میں بناء کسی نقصان کے میدان مارلیا اور مسلسل تیسری بار فائنل میں جگہ بنالی۔

بھارتی اوپنر یشاسوی جیسوال کو شاندار ناقابل شکست سینچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔