تاریخ کے سب سے بڑے میچ فکسنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار مشکل میں
لندن: دنیائے کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے میچ فکسنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار سنجیو چاولہ بڑی مشکل میں پھنس گیا۔
میل آن لائن کے مطابق 2000ء میں جنوبی افریقا کی ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران میچ فکسنگ اسکینڈل منظرعام پر آیا تھا۔
اس اسکینڈل میں جنوبی افریقا کے آنجہانی کرکٹر ہینسی کرونیے بھی ملوث تھے جنہیں جواریوں نے بھاری رشوت دی تھی۔
اس میچ فکسنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار برطانوی شہری سنجیو چاولہ تھا۔ اسے برطانیہ میں گرفتار بھی کیا گیا لیکن گزشتہ چار سال سے وہ اپنی بھارت حوالگی کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہا تھا جو اب وہ ہار گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بالآخر برطانوی کورٹ آف اپیل نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ سنجیو چاولہ کو بھارت کے حوالے کر دیا جائے۔
اب بھارتی پولیس برطانیہ پہنچے گی اور سنجیو چاولہ کو واپس بھارت لائے گی جہاں اس کے خلاف اس 20 سال پرانے اسکینڈل میں مقدمے کی کارروائی شروع ہو گی۔
سنجیو چاولہ ساﺅتھ ایسٹ لندن کے علاقے کیننگٹن میں کیٹرنگ کا کاروبار کرتا ہے اور لندن میں ہی 10 لاکھ پاﺅنڈ مالیت کے عالیشان گھر میں رہتا ہے۔
اس میچ فکسنگ سکینڈل دوسرے بڑے کردار ہینسی کرونیے کی 2002ء میں ایک فضائی حادثے میں موت واقع ہوگئی تھی۔
انہوں نے تحقیقاتی کمیشن کے سامنے اس اسکینڈل کا اعتراف کرلیا تھا۔ اس اسکینڈل میں کتنا جُوا کھیلا گیا اس حوالے سے حتمی اعداد سامنے نہیں آسکے، لیکن تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ سنجیو چاولہ اور دیگر جواریوں نے اس اسکینڈل میں اربوں روپے کمائے تھے۔
اب سنجیو چاولہ کے پاس مزید اپیل کا حق نہیں ہے۔ عدالت کی طرف سے حتمی آرڈرز آنے کے بعد 28 دن کے اندر اسے بھارت کے حوالے کر دیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.