Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیر اعظم آفس میں 5 موٹر سائیکل کس کیلئے خریدی گئیں؟

اپ ڈیٹ 04 فروری 2020 07:30am
فائل فوٹو

اسلام آباد: گذشتہ پانچ سال کے دوران وزیراعظم آفس کے لیے پانچ کروڑ 53 لاکھ روپے کی گاڑیاں خریدی گئی ہیں، جبکہ گاڑیوں کی نیلامی کے ذریعے 21 کروڑ 75 لاکھ روپے وصول ہوئے۔

قومی اسمبلی میں 2015 سے 2019 تک وزیراعظم آفس کے لیے خریدی گئی گاڑیوں کی تفصیلات پیش کر دی گئی ہیں۔ جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم آفس کے لیے گذشتہ پانچ سالوں کے دوران 18 گاڑیاں اور پانچ 125 سی سی موٹر سائیکلیں خریدی گئی ہیں۔

وزیراعظم آفس کے لیے خریدی گئی گاڑیوں میں 1300 سی سی کی سات، 1800 سی سی کی تین اور 3000 سی سی کی تین گاڑیاں شامل ہیں۔

ان پانچ سالوں میں 2800 سی سی، 2500 سی سی اور 800 سی سی کی بھی ایک ایک گاڑی خریدی گئی ہے۔ اس کے علاوہ  دو بسیں اور پانچ 125 سی سی کی موٹر سائیکلیں بھی خریدی گئی ہیں۔

قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کے لیے 2015 میں 11 گاڑیاں اور چار موٹر سائیکل خریدی گئیں جبکہ سنہ 2017 میں سات گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل خریدی گئی ہے۔

تحریری جواب کے مطابق تحریک انصاف کے دور حکومت میں ابھی تک وزیراعظم آفس کے لیے کوئی گاڑی نہیں خریدی گئی۔

خیال رہے کہ عمران خان نے وزیر اعظم کا حلف لینے کے بعد کفایت شعاری مہم کا اعلان کیا تھا جس کے تحت وزیراعظم آفس کی گاڑیاں نیلام کی گئی تھیں۔

کفایت شعاری مہم میں وزیراعظم ہاؤس کی بھینسیں بھی نیلامی کے لیے پیش کی گئی تھیں۔

قومی اسمبلی میں وزیراعظم آفس کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس کی گاڑیوں کی نیلامی  سے 21 کروڑ 75 لاکھ روپے وصول کیے گئے تاہم اس نیلامی کی اشتہاری مہم پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس کی گاڑیوں کی نیلامی کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر اشتہاری مہم پر آنے والے اخراجات کا بل متعلقہ اشتہاری ایجنسی نے ابھی تک فراہم نہیں کیا۔