Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کی خواہش ہے کہ چرس سے دوا بنانے کی فیکٹری کھولی جائے: شہریار آفریدی

اپ ڈیٹ 04 فروری 2020 07:29am
فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے خیبرپختونخوا کے علاقے وادی تیراہ میں چرس سے دوا بنانے کی فیکٹری کھولی جائے۔

ویڈیو میں شہریار آفریدی پشتو زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہر سال بڑی مقدار میں چرس اور افیون جلا دی جاتی ہے، دنیا کے دیگر ملک منشیات سے دوائیں بناتے ہیں، فیکٹری کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے، اللہ کے فضل سے منشیات سے دوا بنانے کی فیکٹری تیراہ میں لگائیں گے۔

وزیرمملکت کے خطاب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور صارفین کی جانب سے تنقید کے ساتھ ساتھ طنز و مزاح کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب وزیرمملکت شہریار آفریدی نے وائرل ویڈیو پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جھوٹے الزامات کے ساتھ وائرل ہے، میں کوہاٹ میں اپنے قبائلی عوام کو بتارہا تھا کہ حکومت تیراہ اور دیگر قبائلی علاقوں میں نامیاتی دوائیں بنانے کے کارخانے لگائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھنگ سے بننے والے تیل (ہیمپ آئل) کی فیکٹریاں لگائیں گے، جس سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے سیاسی مخالفین کے میڈیا سیل کے پاس اب جھوٹ بیچنے کے سوا کچھ نہیں بچا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرمملکت شہریار آفریدی کو مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی گرفتاری و ضمانت پر رہائی کے معاملے پر مخصوص  جملے "جان اللہ کو دینی ہے" پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔