Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

بیوی کا سَر کاٹ کر ہاتھ میں پکڑے سڑک پر چلتا ہوا شخص گرفتار

اپ ڈیٹ 03 فروری 2020 05:52am

نئی دہلی: بھارت میں ایک نوجوان اپنی بیوی کا سر کاٹ کر ہاتھ میں اٹھائے سڑک پر جاتا ہوا گرفتار ہو گیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ دل خراش واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع قادر پور میں پیش آیا، جہاں بہادر پور گاﺅں کے 30 سالہ اکھلیش روات نامی سفاک شخص نے اپنی 26 سالہ بیوی رجنی کو قتل کیا اور اس کا سر کاٹ کر اپنے ہاتھ میں اٹھا کر باہر نکل کھڑا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق اکھلیش سڑک پر جا رہا تھا جہاں راستے میں جہانگیر آباد پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے ناکہ لگا رکھا تھا۔

ناکے پر جب پولیس والوں نے اس کے ہاتھ میں لڑکی کا سر دیکھا تو ان کے پیروں تلے بھی زمین نکل گئی۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ اروند چتُرویدی کا کہنا تھا کہ اکھلیش نے جہیز نہ لانے پر اپنی بیوی کو قتل کیا۔ مقتولہ کے والد کی درخواست پر قاتل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اکھلیش اور رجنی کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی۔ گزشتہ سال رجنی نے ایک بیٹی کو جنم دیا جو پیدائش کے چند دن بعد ہی بیمار ہو کر چل بسی۔

بیٹی کی موت کے بعد سسرالیوں کے تشدد سے تنگ آ کر رجنی اپنے ماں باپ کے گھر چلی گئی اور تب سے وہیں رہ رہی تھی۔ چار روز قبل ہی اکھلیش اسے منا کر اپنے گھر لایا تھا۔ چوتھے روز ہی دونوں میں ایک بار پھر جھگڑا ہوا اور اکھلیش نے اسے قتل کر ڈالا۔

پولیس کے مطابق قاتل بیوی کا کٹا ہوا سر لے کر پولیس سٹیشن ہی جا رہا تھا۔ جب اسے گرفتار کیا گیا تو اس نے بھارت کا قومی ترانہ گانا شروع کر دیا۔