Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل فائیو کا ترانہ شائقین کو پسند نہ آنے پر عاصم اظہر نے معافی مانگ لی

شائع 01 فروری 2020 12:23pm

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا آفیشل ترانہ شائقین کو پسند نہ آنے پر گلوکار عاصم اظہر نے معافی مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے 'تیار ہیں' میں شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اترنے اور لوگوں کی جانب سے گانا پسند نہ کئے جانے پر عاصم اظہر نے معافی مانگ لی ہے۔

عاصم اظہر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں پاکستانیوں سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ 'براہ کرم صرف تنقید تک ہی رہیں، ذاتی تبصرے کرنا، کسی کو ذلیل کرنا اور چند لائکس کیلئے یہ کہنا کہ کسی کو مرجانا چاہیئے قطعاً درست نہیں ہے'۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'میں میمز کے بارے میں بات نہیں کروں گا کیونکہ میمز بہت مزے کی ہیں'۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پی ایس ایل 5 کا آفیشل ترانہ 'تیار ہیں' ریلیز کیا گیا تھا جس میں علی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اور عاصم اظہر نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

یہ ترانہ ریلیز کے فوراً بعد ہی تنقید کی زد میں آگیا اور شائقین کرکٹ نے پی سی بی پر بھی شدید تنقید کے نشتر برسائے۔

اس ترانے کو سننے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کو پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن کا ترانہ گانے والے علی ظفر کی یاد ستانے لگی تھی اور ان کا نام سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔

واضح رہے کہ علی ظفر نے گزشتہ روز گانے پر تنقید کرنے والوں کو کہا تھا کہ 'جتنا پیار آپ نے مجھے دیا اسی طرح آپ دوسرے فنکاروں کی کوششوں کو بھی سراہیں، پی ایس ایل پاکستان سے ہے اور ہماری موسیقی بھی'۔