Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

'اپوزیشن ختم ہوچکی، اب حکومت کی اصل اپوزیشن مہنگائی ہے'

شائع 01 فروری 2020 10:20am

اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر بڑی پیش گوئی کر دی، کہتے ہیں مریم نواز باہر جائیں گی نہ نواز شریف واپس آرہے ہیں، البتہ شہباز شریف کی وطن واپسی ہوسکتی ہے۔ اپوزیشن ختم ہوچکی، اب حکومت کی اصل اپوزیشن مہنگائی ہے۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین بھائیوں کی طرح ہیں، حکومت کے اتحادی مسلم لیگ قاف اور ایم کیو ایم والے کہیں نہیں جا رہے۔

مہنگائی پر شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان ان کی بات سنتے ہیں تاہم مخالفت کے باوجود گندم برآمد کی گئی، اب حکومت کی اپوزیشن مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی نہیں بلکہ منہگائی ہے۔ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی آڈٹ رپورٹ سے عمران خان یا شیخ رشید کا کوئی تعلق نہیں، یہ گذشتہ دور کی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا سانحہ تیزگام کی انکوائری رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کی روشنی میں غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔