نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کو بھجوا دی گئیں
لندن: نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کو فراہم کی گئی حالیہ رپورٹس میں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے ماہرین کی رائے بھی شامل کی گئی ہے۔
ڈاکٹر عدنان کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کو ارسال کر دی ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ نواز شریف کی رپورٹس میں ان کی صحت کی مکمل صورتحال واضح ہے۔
Former PM #NawazSharif’s latest medical summary amply substantiates the seriousness of his multiple, complex ailments which require short, medium and long term treatment & aggressive continuous management.
Political point scoring on the issue is extremely unfortunate.— Dr. Adnan Khan (@Dr_Khan) January 31, 2020
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ روز نواز شریف کی جانب سے فراہم کردہ میڈیکل رپورٹس کو ناکافی قرار دیتے ہوئے تازہ ترین رپورٹس 3 روز میں جمع کرانے کی حتمی مہلت دی تھی۔
مکمل دستاویزات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے نواز شریف فیملی کو خط ارسال کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم کی فراہم کردہ میڈیکل رپورٹس پر ان کے بیرون ملک قیام میں توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا۔ نواز شریف کی 23 دسمبر 2019ء کی میڈیکل رپورٹس پروفیسر محمود ایاز کی سربراہی میں قائم میڈیکل بورڈ کو بھجوائی گئی تھیں جس نے فراہم کردہ دستاویزات کو ناکافی قرار دیا تھا۔
میڈیکل بورڈ کے مطابق میڈیکل رپورٹس صرف عارضہ قلب سے متعلق ہیں، گردوں اور پلیٹ لیٹس کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے۔ پنجاب حکومت کے مطابق نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کو بھی 6 جنوری کو رپورٹس فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی، مگر انہوں نے نواز شریف اور ان کے معالج سے براہ راست رابطہ کرنے کا کہا۔
پنجاب حکومت نے شریف فیملی کو خبردار کیا تھا کہ رپورٹس فراہم نہ کرنے کی صورت میں موجودہ حالات اور حقائق کی روشنی میں حکومت اپنا فیصلہ کر دے گی۔
Comments are closed on this story.