بریگزٹ کامیاب، برطانیہ یورپین یونین سے علیحدہ ہوگیا
لندن: بریگزٹ کا سفر تمام ہوگیا، برطانیہ آخرکار یورپین یونین سے علیحدہ ہوگیا، دسمبر 2020 تک برطانیہ میں یورپین یونین کے قوانین نافذ رہیں گے۔
وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ یہ زندگی کی سب سے بڑی خوشی ہے، یورپین یونین سے علیحدگی اہم موڑ ہے۔
برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ ٹین ڈاؤنگ اسٹریٹ پر روشن گھڑی سے یورپین یونین سے علیحدگی کا اعلان کیا گیا۔ لندن کی اہم عمارتوں پر برطانوی پرچم لہرادیا گیا، بریگزٹ کی حمایت اور مخالفت کرنے والے مظاہرین ملک بھر میں مختلف تقریبات میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔
وزیراعظم بورس جانسن ان رہنمائوں میں سے ہیں جنہوں نے برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدہ ہونے کی مہم چلائی تھی۔ برطانیہ 47 سال تک یورپی یونین کا حصہ رہا ہے۔
بریگزٹ کے مکمل ہوتے ہی اب برطانوی شہریوں کو کچھ تبدیلیوں کا سامنا ہے۔ بیشتر یورپی قوانین، بشمول شہریوں کی آزادانہ آمدورفت، رواں سال 31 دسمبر تک نافذ رہیں گے۔
2016 میں برطانیہ میں ریفرنڈم میں 52 فیصد ووٹرز نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں جبکہ 48 فیصد نے اس کی مخالفت میں ووٹ ڈالے تھے۔
گذشتہ سال دسمبر میں بورس جانسن نے قبل از وقت انتخابات میں اس وعدے پر 80 سیٹیوں کی اکثریت حاصل کرلی تھی کہ وہ بریگزٹ کو مکمل کرکے رہیں گے۔
Comments are closed on this story.