Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستانی خفیہ ایجنسیوں نے کرتارپور میں دہشتگردی کا بھارتی منصوبہ ناکام بنا دیا

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2020 10:26am

اسلام آباد: بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کی جانب سے کرتارپور پر دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے۔

پاکستان میں امن کے عمل کو خراب کرنے کا بھارتی منصوبہ پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں نے ناکام بناتے ہوئے بھارت کے گھناؤنے عزائم کا سراغ لگا لیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ این ڈی ایس اور را سکھوں کے مقدس مقام کرتارپور پر دہشت گردی کا منصوبہ بنارہےتھے۔

واضح رہے کہ را اور این ڈی ایس کا پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کیلئے گٹھ جوڑ ہے۔ ساتھ ہی بھارت نہیں چاہتا سکھ برادری اور پاکستانیوں کے تعلقات اچھے ہوں، را اور این ڈی ایس سکھ برادری اور پاکستانیوں کے درمیان دراڑ ڈالنا چاہتی ہے۔

خیال رہے گذشتہ سال 9 نومبر کو وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا تھا۔

انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ راہداری کھولنے کی مجھے بہت خوشی ہوئی، اندازہ نہیں تھا کرتارپور کی سکھ کمیونٹی میں کیا اہمیت تھی، کرتارپور سے متعلق ایک سال پہلے پتہ چلا اس کی کیا اہمیت ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ، اقوام متحدہ اورعالمی میڈیا کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنے کا خیرمقدم کیا گیا تھا۔