Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

'پی سی بی میرا 6 کروڑ روپے کا مقروض ہے'

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2020 05:12am

کراچی: ماضی کے عظیم پاکستانی بیٹسمین یونس خان نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میرا 6 کروڑ روپے کا مقروض ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کیریئر میں پیسہ میرے لیے کوئی مسئلہ نہیں رہا ہے۔ میں نے یہ پیسے پی سی بی سے نہیں مانگے ہیں۔ پیسہ نصیب کا ہوتا ہے ، میرا شمار پاکستان کے ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جو ریٹائر ہوکر کھیل سے الگ ہوئے۔

بدھ کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صاف گوئی کے لیے شہرت رکھنے والے یونس خان نے کہا کہ میری پاکستان کرکٹ کے لئے 17، 18 سال کی خدمات ہیں پتہ نہیں کیا وجہ ہے کہ میں اور پاکستان کرکٹ بورڈ ایک پیج پر نہیں آتے ہیں۔ لگتا ہے بورڈ تبدیل نہیں ہوتا یا یونس خان تبدیل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں یونس خان کا سب سے بڑا ناقد بھی ہوں تو میں کوشش کروں گا کہ یونس خان کے ساتھ کام کروں میرا نہیں خیال کہ بورڈ میں کوئی ایسا ہوگا جو یونس خان کو نہیں لینا چاہتا ہوگا۔ میری مانگ کے بارے میں پوچھنا ہے تو اسے سننے کے لیے بہت وقت درکار ہوگا۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق ابھی نئے ہیں ان کو وقت دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا بابر اعظم نوجوان ہے ان کا ٹی 20 کپتان ہونا اچھی بات ہے۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق سوال پر یونس خان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک ہوں یا محمد حفیظ پرفارم کر رہے ہوں تو انہیں ٹیم میں ہونا

چاہیے۔