بچے کی پیدائش پر والدہ کو 6 اور والد کو 3 ماہ کی رخصت کا بل سینیٹ سے منظور
اسلام آباد: بچے کی پیدائش کے وقت ماں اور باپ کی چھٹیوں سے متعلق بل ایوان بالا میں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر قرۃ العین نے مدریت اور پدریت رخصت کا بل پیش کیا جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ بچے کی پیدائش کے وقت نوکری پیشہ والدہ کو 6 ماہ جب کہ والد کو 3 ماہ کی تنخواہ سمیت رخصت دی جائے۔
بل میں مزید کہا گیا ہے کہ والدہ کو 3 ماہ اور والد کو ایک ماہ کی بغیر تنخواہ کے اضافی چھٹی بھی دی جائے، اگر ملازمت دینے والا ادارہ ملازمین کو چھٹی نہیں دیتا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے قانون میں 90 دن میٹرنٹی لِیو دی جاتی ہے، پیٹرنیٹی لیو کو کم کرکے 15 دن کیا جائے۔
حکومت کی مخالفت کے باجود سینیٹ میں بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں بچوں کے لازمی ٹیکے اور ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کا بل بھی متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.