Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی سی بی کی جانب سے فاسٹ بولر عمر گل کے اعزاز میں تقریب

شائع 27 جنوری 2020 01:35pm

لاہور: پیر کے روزپاکستان کرکٹ بورڈکی جانب سے فاسٹ بولر عمر گل کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے عمر گل کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ تقریب کا اہتمام پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ والے دن کیا گیا۔

عمر گل نےانگلینڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 اوورز میں6 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی جو کہ اس وقت ایک عالمی ریکارڈ تھا۔ عمر گل نے ایونٹ میں سب سے زیادہ 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ میگا ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 8وکٹوں سے  شکست دی تھی۔

عمر گل کا یہ ورلڈریکارڈ اگست 2011 میں سری لنکا کے اجنتھا مینڈس نےاس وقت توڑا جب انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف پالی کیلے میں 16 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں فی الحال بہترین بولنگ کا ریکارڈ بھارت کے دیپک چہار کے پاس ہے۔انہوں نے بنگلادیش کے خلاف نومبر 2019 میں 7رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

فاسٹ بولر عمر گل نے 2013 میں ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ایک میچ میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف 6رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

عمر گل نے کہا کہ انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر میں پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ کامیابیاں سمیٹنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہیں۔

عمر گل نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معترف ہیں جنہوں نےان کی  خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزاز سے نوازا ہے۔ فاسٹ بولر نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی واضح ہے، یہاں ملک کی خدمت کرنے والے کرکٹرز کو نوازا جانا خوش آئندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ نوجوانوں میں ملک کی خدمت کرنے کا جذبہ بڑھتا ہے۔

پی سی بی اس سے قبل سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں جاوید میانداداور کراچی ٹیسٹ میں سلیم یوسف اور راشد خان کو اعزاز سے نواز چکا ہے۔