Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آپ کے اسمارٹ فونز کیلئے کونسا اسکرین پروٹیکٹر بہتر ہے؟

اپ ڈیٹ 27 جنوری 2020 07:28am
سائنس

مہنگے اسمارٹ فونز کی ااسکرینز کی حفاظت کا خیال ااسکرین پروٹیکٹرز کی ایجاد کا سبب بنا۔

انٹرنیشنل مارکیٹ میں دستیاب اسکرین پروٹیکٹرز پی ای ٹی ( پولی ایتھائلین ٹیرِفتھالیٹ/ پولی ایسٹر،ایک طرح کا پلاسٹک جو کہ پانی کی بوتلیں اور فوڈ کنٹینرز وغیرہ بنانے میں استعمال ہوتا ہے)، ٹی پی یو (تھرمو پلاسٹک پولی ریو تھین، ایک بہت زیادہ لچکدار پلاسٹک)، ٹیمپرڈ گلاس (گلاس جس میں کیمیکل اور تھرمل ٹریٹمنٹ سے عام گلاس کی نسبت زیادہ مضبوطی پیدا کی گئی ہو) اور نینو لِیکوِیڈ ( سلیکون ڈائی آکسائیڈ مائع شکل میں جو آپ کے فون کی اسکرین کو محفوظ کرتا ہے) سے بنائے گئے ہیں۔

 ان میں بہترین ٹیمپرڈ گلاس سے تیار کردہ اسکرین پروٹیکٹرز مانے جاتے ہیں اور اچھی بات یہ ہے کے لوکل مارکیٹ میں زیادہ تر جگہوں پر یہ دستیاب بھی ہیں۔

ابتداء میں اسکرین پروٹیکٹرز ایک چوکور شکل میں بنائے جاتے تھے (جن کو 2D کہا جاتا ہے) مگر اسکرین کی وہ سائیڈ جس سے ہم موبائل کو ٹچ کرتے ہیں اس طرف نوک دار کنارے ہونے کی وجہ سے چہرا اور کان زخمی ہونے کا خدشہ رہتا تھا۔ اس تکنیکی خرابی کو دور کرنے کے لیے کناروں کو گول کیا گیا جِس سے 2.5D وجود میں آئے۔

اس کے بعد جب فون اسکرینز کے کنارے Curved یعنی مُڑے ہوئے آنے لگے جیسے کے سام سنگ کی نوٹ سیریز کے فونز، تو کنارے کوَر کرنے کے لیے اسی مناسبت سے اسکرین پروٹیکٹرز کو بھی موڑ دیا گیا جس سے 3D پروٹیکٹرز سامنے آئے۔

اگرچہ سائیڈز پر سے گولائی کور کرنے میں یہ کافی مؤثر ہیں مگر فون کے اوپر اور نیچے کی طرف سے کناروں کو ٹھیک طرح سے کور نہیں کر پاتے اور ایک ذرا سی خلا رہ جاتی ہے اوراس طرف کنارا ٹوٹنے کے چانسز رہتے ہیں۔

مزید 3D اسکرین پروٹیکٹرز کے ساتھ اکثر موبائل کی ٹچ سینسیٹیویٹی متاثر ہونے کی شکایات سننےکو ملتی ہیں۔

3D کے بعد 5D اسکرین پروٹیکٹرز متعارف ہوِئے جن میں تمام اطراف میں اسکرین کے کناروں کی گولائی کو سامنے رکھ کر اسکرین پروٹیکٹرز کے کنارے ڈیزائن کیے گئے جو فون اسکرین کو بہتر کوریج دیتے ہیں۔ جس سے ٹوٹنے کے چانسز کافی کم ہو جاتے ہیں۔

اس کے ساتھ ٹچ ایسا ہی ہے جیسے پروٹیکٹر کے بغیر ڈائریکٹ اسکرین کا ہوتا ہے، مطلب 3D پروٹیکٹرز والی ٹچ سینسیٹیویٹی متاثر ہونے شکایت کو 5D میں دور کرلیا گیا ہے۔

9D اور 11D کی باز گشت بھی کہیں نہ کہیں سنائی دیتی ہے، مگر بہت سے لوگ اس کو محض 5D کی ری برانڈنگ مطلب مارکیٹنگ کا طریقہ قرار دیتے ہیں۔

مارکیٹ میں دستیاب 5D اور 9D بہترین ہیں۔ آئی فون سکس ایس پلس کے لیے   3Dاور 9D اسکرین پروٹیکٹرز کی قیمت بالترتیب 750 روپے اور 1000 روپے تک ہے۔

اگر آپ واقعی اپنے فون کی حفاظت چاہتے ہیں تو اسکرین پروٹیکٹر کے ساتھ ساتھ ایک اچھا موبائل کیس خریدیں جو کناروں اور اسکرین کو مزید محفوظ کرتا ہو۔