Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین کی نئی "چھیڑ" متعارف

اپ ڈیٹ 27 جنوری 2020 10:16am

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی پنجاب اسمبلی میں تقریر کے دوران اپوزیشن نے ایسے نعرے لگائے کہ سننے والوں کیلئے ہنسی روکنا محال ہوگیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق 24 جنوری کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فیاض الحسن چوہان کی تقریر کے دوران ن لیگ کے ایم پی اے ارشد ملک اور دیگر ارکان نے "حریم زادہ، حریم زادہ" کے نعرے لگانے شروع کر دیئے جس پر فیاض الحسن چوہان بھڑک گئے اور اپوزیشن کو جواب دے ڈالا۔

فیاض الحسن چوہان نے جواب دیتے ہوئے دلشاد بیگم اور طاہرہ سید کا طعنہ دے دیا۔

فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ آپ کا لیڈر نواز شریف طاہرہ سید اور دلشاد بیگم کو فون پر گانے سنایا کرتا تھا، دلشاد بیگم کے کہنے پر کشمیر کی پالیسی تبدیل کردیتا تھا۔ کسی کو یاد ہے کہ میں یاد کرادوں۔

ڈپٹی اسپیکر بھی اپنی ہنسی پر قابو نہ پاسکے۔ احساس ہونے پر فیاض الحسن چوہان کو روکنے کی کوشش کرتے رہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ارشد ملک نے جو فقرے کسے ہیں ابھی ریکارڈ پر ہیں سنائیں ان کو نکال کر، چیخ کر میری آواز کو نہیں دبایا جا سکتا، میں نے جواب دیا ہے۔ اپوزیشن کے بولنے پر میں جواب دیتا ہوں، ہمیشہ میں نے بعد میں جواب دیا ہے ۔