Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرونا وائرس پاکستان پہنچنے کا خدشہ، ملتان میں چینی باشندہ اسپتال منتقل

شائع 25 جنوری 2020 05:54am

ملتان: جان لیوا کرونا وائرس کے شبہ میں چینی شخص کو ملتان کے نشتر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملتان میں 40 سالہ چینی باشندے فینگ فین کو کرونا وائرس کے شبہ میں نشتر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جہاں اسے آئسولیشن وارڈ منتقل کرکے خون کے نمونے لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی شخص  انڈسٹریل اسٹیٹ میں پراجیکٹ پر کام کررہا تھا اور چند روز قبل چائنہ کے شہر (ووہان) سے واپس لوٹا تھا۔

واضح رہے چائنہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوگئی ہے اور سینکڑوں دیگر افراد میں اس بیماری کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

کرونا وائرس کے زیادہ تر کیسز چین کے شہر ووہان میں سامنے آئے ہیں جس پر حکام نے ووہان اور قریبی شہروں سے لوگوں کے باہر جانے اور باہر والوں کے اندر داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔