Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور قلندرز کی ایک اور دریافت دلبر حسین میلبرن اسٹارز میں شامل

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2020 12:03pm

لاہور: پاکستان سپر لیگ کی سب سے پسندیدہ فرنچائز لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کا ایک اور ٹیلنٹ دلبر حسین آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیلنے کیلئے منتخب ہوگیا ہے۔

بگ بیش لیگ کی ٹیم ملبرن اسٹارز نے دلبر حسین کو حارث رؤف کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

لاہور قلندرز کی انتظامیہ پر امید ہے کہ حارث روف کی طرح دلبر حسین بھی بگ بیش لیگ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاکر ہر کسی کی توجہ کا مرکز بن جائیں گے۔

لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے دلبر حسین کے ملبرن اسٹارز سے معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کی جیت ہے اور بات کا ثبوت ہے کہ قلندرز خلوص نیت کے ساتھ ملک میں کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ عرصہ قبل تک دلبر حسین نے کسی بھی لیول پر پروفیشنل کرکٹ نہیں کھیلی تھی، وہ زیادہ تر وقت کھیتی باڑی ہی کیا کرتے تھے۔

فیصل آباد میں پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کے تحت ہونیوالے ٹرائلز میں ان کا ٹیلنٹ عاقب جاوید نے پہلی ہی نظر میں جانچ لیا اور دلبر کو قلندرز کے ڈولپمنٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔

دو ہزار اٹھارہ میں دلبر حسین نے قلندرز کے ساتھ آسٹریلیا کا دورہ بھی کیا اور وہاں کوئین سیریز میں اپنی بولنگ کے بھرپور جوہر دکھائے۔

قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کہتے ہیں کہ لاہور قلندرز کا ہمیشہ ہی ماننا رہا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بس ایک ایسا پلیٹ فارم درکار تھا جو اس ٹیلنٹ کو پرفارمرز میں تبدیل کرے۔ وہ پلیٹ فارم قلندرز نے فراہم کیا جس کی وجہ سے آج حارث رؤف پاکستان کو ملا، دلبر حسین بھی جلد قومی ٹیم میں آئے گا  اور یقینی طور پر کئی اور پلیئرز ایسے ہیں جو اس وقت پراسس کا حصہ ہیں اور جلد منظر عام پر آجائیں گے۔

لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن اور ہیڈ کوچ عاقب جاوید کہتے ہیں کہ دلبر حسین نے پچھلے دو سال بھرپور محنت کی اور قلندرز کی اکیڈمی میں بھی ان پر کام ہوا ہے جس کا نتیجہ اب سب کے سامنے ہے۔

فاسٹ بولر دلبر حسین پی ایس ایل فائیو کیلئے لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں بھی شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کی انتظامیہ پر امید ہے کہ ملبرن اسٹارز کے ساتھ کھیل کر نہ صرف دلبر کا کھیل مزید بہتر ہوگا بلکہ وہ خود کو دنیا کے سامنے منوانے میں بھی کامیاب ہوگا۔