Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹرمپ انتطامیہ کا مزید 7 ممالک پر سفری پابندیاں لگانے کا پروگرام

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2020 10:31am
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ- فائل فوٹو

واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ ایشیاء اور افریقا کے مزید 7 ممالک پر ویزے کی پابندیاں لگانے کا پروگرام بنا رہی ہے۔

ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم کچھ ممالک کو اس (سفری پابندیوں کی فہرست) میں شامل کررہے ہیں، ہمیں محفوظ ہونا ہوگا، ہمارے ملک کو محفوظ بننا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ممالک کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

تاہم امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مذکورہ ممالک میں بیلاروس، ایرٹرے، کرغزستان، میانمار، نائیجیریا، سوڈان اور تنزانیہ شامل ہیں۔

وائٹ ہاوس کی ایک اعلیٰ سطحی شخصیت کے مطابق متوقع ویزے کی پابندیوں کے لیے ممالک کی فہرست تاحال حتمی نہیں ہے، فہرست میں مزید ایک ملک شامل کیا جا سکتا ہے۔

ان پابندیوں کا مقصد مذکورہ ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے  کو روکنا نہیں بلکہ انہیں دئیے جانے والے اقامتی، سیاحتی اور تجارتی  ویزوں میں اہم پیمانے کی کمی کرنا ہے۔

پلان سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم نہیں کی گئیں تاہم کہا گیا ہے کہ تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد وائٹ ہاوس سے بیان جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکا کے صدر ٹرمپ نے عہدہ صدارت سنبھالنے سے ایک ہفتہ بعد 27 جنوری 2017 کو ایران، شام، لیبیا، یمن، صومالیہ ، چاڈ اور شمالی کوریا پر سیاحتی پابندیاں لگا دی تھیں لیکن ہوائی اڈوں پر اس فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کے بعد اس فیصلے سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے تھے۔