Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹائم میگزین کے کور پر ٹرمپ کو اس لڑکی کے ساتھ الگ کیوں بٹھایا گیا؟

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2020 08:00am

ڈیووس: ٹائم میگزین کی جانب سے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر خصوصی کور جاری کیا گیا ہے جس میں مختلف عالمی رہنماﺅں کو شامل کیا گیا ہے۔

21 جنوری کو جاری کئے گئے ٹائم میگزین کے کور میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان چیئر لفٹ میں آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان کے ساتھ ورلڈ اکنامک فورم کے چیئرمین کلاؤس شواب، جرمن چانسلر اینجلا مرکل اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس بھی موجود ہیں۔

میگزین کے کور میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پہلی پیچھے والی لفٹ میں بٹھایا گیا ہے جو تصویر میں پہلی چیئرلفٹ کے نیچے محسوس ہوتی ہے۔ اس میں امریکی صدر کی ایسی تصویر استعمال کی گئی ہے جس میں وہ روٹھے ہوئے نظر آرہے ہیں، جبکہ اسی چیئرلفٹ کے دوسرے کنارے پر ماحولیات کی سوئس کارکن گریٹا تھنبرگ کو بٹھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور گریٹا تھنبرگ کے درمیان لفظی جھڑپوں کا سلسلہ اکثر ہی جاری رہتا ہے، اس کا عملی نمونہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب کے موقع پر بھی دیکھا گیا تھا۔

ورلڈ اکنامک فورم کا اجلاس 21 جنوری کو شروع ہوا اور اس کے دوسرے ہی روز ایک بار پھر ڈونلڈ ٹرمپ نے گریٹا تھنبرگ پر لفظی گولہ باری کردی۔

انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران گریٹا کے صرف 17 سال کی عمر میں ٹائمز میگزین کے کور پر آنے پر طنزیہ جملے ادا کرتے ہوئے کہا کہ گریٹا نے انہیں ٹائمز میگزین کے کور پر ہرا دیا۔