Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہمارے لیڈر حکومت کی اصلاح کی بات کرتے ہیں ،شجاعت

شائع 22 جنوری 2020 02:28pm

مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ہماری جماعت کے لیڈر چودھری پرویزالٰہی اور طارق بشیر چیمہ حکومت کی اصلاح کیلئے بات کرتے ہیں، حکومت کے حواری ہمارے کلپ دکھا کر غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر جی اے خان طارق کی سربراہی میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔

چوہدری شجاعت نے لاہور بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب باڈی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

چوہدری شجاعت نے حکومت سے اتحاد کے معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کا حکومت کے ساتھ اتحاد ہے لیکن ہمیں محض اتحادیوں کی کیٹگری میں نہ رکھا جائے۔ چوہدری پرویزالٰہی اور طارق بشیر چیمہ کی باتوں کو مخالفت کے زمرے میں نہ لیا جائے۔ حکومت کے بعض حواری ہمارے کلپ دکھا کر غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ عوام کو فوری اور سستا انصاف ان کی دہلیز پر ملے، ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے تمام شعبہ ہائے زندگی کو یکساں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے نہ صرف اقدامات کئے بلکہ ان پر عملدرآمد بھی کروایا۔