Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی ضمانت منظور

شائع 21 جنوری 2020 12:24pm

لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی ضمانت منظور کرلی۔ دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض فواد حسن فواد کو رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کی۔

فواد حسن فواد کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کو 2018 میں گرفتار کیا گیا لیکن ابھی تک فرد جرم عائد نہیں ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ گرفتاری کے وقت چودہ اکاؤنٹس لکھے گئے، وہ اب ریفرنس میں کیوں ڈالے گئے۔ فواد کے بھائی اور اہلیہ نے دوران تفتیش کیا موقف دیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ فواد کی اہلیہ نے تحریری جواب میں لکھا کہ وہ ہاؤس وائف ہیں، پلازہ ایک کمپنی کے نام ہے جس کی سی ای او فواد کی اہلیہ رباب ہیں۔

جسٹس طارق عباسی نے کہا کہ جن کے نام سب کچھ ہے انہیں گرفتار کیوں نہ کیا، جس کے نام کچھ بھی نہیں اسے گرفتار کیا ہوا ہے۔ دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض فواد حسن فواد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔