Aaj News

اتوار, ستمبر 29, 2024  
24 Rabi ul Awal 1446  

'میں نے اس گڑیا کو 2 مرتبہ کچرے میں پھینکا لیکن یہ واپس آگئی'

اپ ڈیٹ 21 جنوری 2020 07:53am

لندن: آپ نے اکثر ڈراؤنی فلموں میں دیکھا ہوگا کہ جادوئی یا آسیب زدہ گڑیائیں خود بخود حرکت کرتی ہیں۔ لیکن کیا حقیقت میں ایسا ممکن ہے؟

ایک برطانوی خاتون نے فیس بک پر اس حوالے سے ایسا حقیقی واقعہ سنایا ہے کہ پڑھنے والے بھی خوفزدہ ہو گئے۔

دی مرر کے مطابق امریکی شہر ہیوسٹن کی رہائشی ایملی میڈونیا نامی خاتون نے فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ 'میری بیٹی اوریلیا کو کرسمس پر ایک "ایلسا ڈول" تحفے میں ملی۔ اس گڑیا نے پہلی بار تب ہمیں خوفزدہ کر دیا جب یہ سوئچ آف ہونے کے باوجود اچانک ہسپانوی زبان میں گانے اور باتیں کرنے لگی۔ ہم تمام گھر والے یہ دیکھ کر خوفزدہ ہو گئے تھے۔'

خاتون لکھتی ہے کہ 'میرے شوہر میٹ نے مجھ سے کہا کہ ہمیں یہ گڑیا باہر پھینک دینی چاہیے۔ چنانچہ اسی وقت ہم نے گڑیا اٹھائی اور گھر سے کچھ فاصلے پر کچرے کے ڈبے میں پھینک آئے۔ مگر جب گھر واپس پہنچے تو گڑیا واپس اپنی جگہ پر موجود تھی۔ ہم اس پر مزید خوفزدہ ہو گئے اور ایک بار پھر اس گڑیا کو اٹھا کر اسی کچرے کے ڈبے میں ڈال آئے۔ لیکن اس بار بھی یہ گڑیا پراسرار طورچند دن بعد گھر میں موجود ایک لکڑی کے بینچ کے نیچے پڑی ہمیں مل گئی۔'

خاتون لکھتی ہیں کہ 'دوسری بار اس گڑیا کے واپس آ جانے پر تو ہم خوف سے سکتے میں آگئے۔ تاہم میٹ نے ہمت کرکے گڑیا اٹھائی اور اس بار اسے کچرے کے بیگ میں ڈال کر اوپر کچرا ڈال دیا اور بیگ کا منہ اچھی طرح بند کر دیا۔ یہ بیگ میٹ اس وقت کچرے کے ڈبے میں لے گیا جب گاڑی کچرااٹھانے آتی تھی۔ میٹ نے یہ بیگ خود اس گاڑی میں پھینکے اور ہم مطمئن ہو گئے کہ اب گڑیا واپس نہیں آئے گی۔ اس کے بعد ہم چھٹیوں پر چلے گئے۔ چار روز بعد ہم واپس آئے تو گڑیا پھر سے گھر میں موجود تھی۔ اسے گھر میں دیکھ کر ہمارے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ اب ہم نے اسے اپنے گھر سے بہت دور بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ 1500 میل دور ہمارے کچھ رشتہ دار رہتے تھے چنانچہ ہم نے ڈاک کے ذریعے یہ گڑیا ان کی ایک لڑکی کو تحفے کے طور پر بھیج دی اور انہیں اس واقعے کے متعلق بھی بتایا۔ اب انہوں نے اس گڑیا کو اپنی لڑکی کے کمرے میں ٹیپ لگا کر دیوار کے ساتھ لٹکایا ہوا ہے تاکہ وہ وہاں سے کہیں جا نہ سکے۔'

فیس بک پر لوگ یہ پوسٹ پڑھ کر شدید خوف اور حیرت میں مبتلا ہوئے تاہم کئی لوگوں نے اس واقعے کی صداقت پر شک کا اظہار بھی کیا۔

ایک شخص نے لکھا کہ 'آپ کی کہانی سن کر مزہ آ گیا۔ گڑیا چوتھی بار بھی واپس آجائے تو ہمیں بتائیے گا ضرور۔'