Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

سرمد کھوسٹ کو 'زندگی تماشا' کی ریلیز مؤخر کرنے کی ہدایات جاری

اپ ڈیٹ 21 جنوری 2020 06:52pm

سرمد سلطان کھوسٹ کو فلم 'زندگی تماشہ' کی ریلیز مؤخر کرنے کی ہدایات جاری کردیں گئی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں کہا کہ مرکزی فلم سنسر بورڈ نے فلم “زندگی تماشا” کا تنقیدی جائزہ لینے کے لئے فوری طور پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پروڈیوسر کو فلم کی ریلیز مؤخر کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی۔

اس سے قبل معروف فلم ساز سرمد کھوسٹ کو فلم کی ریلیز روکنے کیلئے دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا تھا، فلم کو 24 جنوری کو ریلیز کیا جانا تھا۔

سرمد کی جانب سے گزشتہ روز ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں فلم 'زندگی تماشا' کی ریلیز کو روکنے کیلئے درجنوں دھمکی آمیز فون کالز اور میسجز کئے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سرمد کھوسٹ کی فلم ‘زندگی تماشا’ نے بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرلیا

ان تمام دھمکیوں کے بعد فلم ساز نے ٹوئٹر صارفین سے سوال کیا کہ کیا وہ فلم کی ریلیز کو روک دیں؟

انہوں نے اس ٹوئٹر پوسٹ میں ایک تفصیلی خط بھی شیئر کیا جس میں پاکستان اور پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ فلم 'زندگی تماشا' میں کسی مذہبی فرقے یا لوگوں کے جذبات کو مجروح نہیں کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر بھی ایک دھمکی آمیز میسج کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔

چند روز قبل سرمد کھوسٹ نے وزیر اعظم، صدرِ پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان، معاونِ خصوصی برائے اطلاعات اور چیف آف آرمی اسٹاف کے نام ایک کھلا خط بھی لکھا تھا جس میں بتایا گیا تھا ان کی فلم 'زندگی تماشا' کو 24 جنوری کو ریلیز کیا جانا ہے تاہم اسے روکا جارہا ہے۔

اس فلم کی شریک پروڈیوسر سرمد کی بہن کنول کھوسٹ ہیں جبکہ کاسٹ میں سمیا ممتاز، عارف حسن، ایمان سلیمان اور علی قریشی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فلم کا اسکرپٹ نرمل بانو نے تحریر کیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم 'زندگی تماشا' گزشتہ برس اکتوبر میں 24 ویں بشان فلم فیسٹیول میں 'کم جے سُک' ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔