Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

آٹا بحران، حکومت حرکت میں آگئی، کارروائی کی ہدایت

شائع 18 جنوری 2020 06:25pm
فائل فوٹو

آٹا بحران حکومت حرکت میں آگئی ، صوبائی حکومتوں , چیف کمشنرز,ڈی سی ایز کو فوری کارؤائی کی ہدایت کردی گئی ، ذخیرہ اندزوں, مہنگا آٹا بیچنے والوں کو فوری گرفتار, گودام سیل کرنے کے احکامات ، تمام ضلعی انتظامیہ ، ڈی سی اپنے اپنے علاقے میں کاروائی کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کریں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرِ برائے فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی ندیم افضل چن سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین شریک ہوئے۔

اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر موثر کنٹرول اور مہنگائی کے خلاف کم آمدنی والے اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس بات کا بخوبی اداراک ہے کہ مشکل ترین ملکی معاشی حالات، معیشت کی بہتری کے لئے کی جانے والی اصلاحاتی عمل میں عوام کے لئے اور خصوصاً کم آمدنی والے اور غریب طبقے کے لئے مشکلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات کی نشاندہی کی جائے اور اس سلسلے میں ٹائم لائنز پر مبنی واضح لائحہ عمل تشکیل دیا جائے جس میں تمام وزارتوں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ماہانہ وظیفے میں اضافہ کرنے کی تجویز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس پر حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی واحد ترجیح عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ہے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی تمام متعلقہ وزارتیں آئندہ دو روز میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے ضمن میں اقدامات  پر عمل درآمداور ان کے نتائج پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔