Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

راولپنڈی: خادم حسین رضوی کے بھائی اور بھتیجے سمیت تحریک لبیک کے86 کارکنوں کو 55،55 سال کی سزا

شائع 17 جنوری 2020 02:56pm

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے دہشتگردی کا الزام ثابت ہونے پر علامہ خادم رضوی کے بھائی اور بھتیجے سمیت تحریک لبیک پاکستان کے 86کارکنوں کو  پچپن پچپن  سال قید کی سزا سنادی ۔

عدالت نے ملزمان پر ایک کروڑ  انتیس لاکھ روپے سے زائد جرمانہ اور ان کی تمام منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد ضبط کرنے کا  حکم بھی صادر کیا۔

چوبیس نومبر  دوہزار اٹھارہ  کو تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم رضوی کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، پولیس ملازمین کو زخمی، سرکاری ونجی املاک کو نقصان پہنچانے اور دہشتگردی سمیت مختلف الزامات کے تحت خادم رضوی کے بھائی امیر حسین اور ان کے بیٹے محمد علی سمیت 87 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رات 10 بجے فیصلہ سنایا جس پر پولیس نے تمام مجرموں کو حراست میں لے لیا  اور ان کو  سخت پہرے میں جیل منتقل کردیا۔