لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین 23 مارچ سے چلے گی
لاہور: چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے لاہور میں وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار اور وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد سے ملاقاتیں کیں، عاصم باجودہ نے سی پیک سے متعلق اجلاس کی سربراہی بھی کی جس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین 23 مارچ کو چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
لاہور میں سی پیک کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں چئیرمین پی اینڈ ڈی حامد یعقوب شیخ نے عاصم سلیم باجوہ کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں اورنج لائن ٹرین کو 23 مارچ 2020 کو عوام کیلئے باقاعدہ طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
عاصم سلیم باجوہ نے ہدایت دی کہ اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ جلد آپریشنل کرنے کیلئے کنٹریکٹرز کو ہدایات جاری کی جائیں۔ بعد ازاں عاصم سلیم باجوہ سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بھی ملاقات کی۔
وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کا قیام وزیراعظم عمران خان کا احسن اقدام ہے، پنجاب حکومت سی پیک کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے سے اتھارٹی سے بھرپور معاونت جاری رکھے گی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی اپنے دفتر میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں جنرل عاصم باجوہ نے سی پیک منصوبے کے تحت مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور نرسنگ کالج بنانے کی خواہش ظاہر کی۔
Comments are closed on this story.