Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

محمد عامر کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کی سزا دی گئی؟

شائع 16 جنوری 2020 04:17pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے آج بنگلادیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کیا تو محمد عامر کا نام اس اسکواڈ میں شامل نہیں تھا تاہم انہیں ڈراپ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت مصباح کے اس فیصلے کو درست قرار دے رہی ہے۔

لاہور میں چیف سلیکٹر نے قومی ٹیم کا اعلان کیا تو ایک جانب جہاں سینئر کھلاڑیوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی ہوئی وہیں محمد عامر سمیت 7 کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا۔

محمد عامر کو ڈراپ کئے جانے پر چیف سلیکٹر نے بتایا کہ ہم نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے رہے ہیں۔

دوسری جانب معروف اسپورٹس اینکر زینب عباس نے جب اپنی ٹویٹ میں فاسٹ بولر کو ڈراپ کئے جانے پر سوال اٹھایا تو محمد عامر نے خود اس ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ 'ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا' اور پھر بعد میں اس ٹویٹ کو ڈیلیٹ کردیا۔

محمد عامر کے اس ردعمل پر سوشل میڈیا صارفین مختلف آراء کا اظہار رہے ہیں تاہم اکثریت نے مصباح کے فیصلے کو درست قرار دیا کیونکہ انہوں نے محض 27 سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ محمد عامر نے ملک کی بجائے لیگ کرکٹ کو فوقیت دی اور سلیکشن کمیٹی نے انہیں ڈراپ کرکے بالکل درست فیصلہ کیا ہے۔

جبکہ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے عامر کو ڈراپ کرنے پر ناانصافی بھی قرار دیا۔ معروف اسپورٹس جرنلسٹ شعیب جٹ نے لکھا کہ اگر بگ بیش کی کارکردگی پر حارث رؤف کو منتخب کیا گیا ہے تو بنگلادیش پریمئر لیگ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے محمد عامر کو ڈراپ کرنا ناانصافی ہے۔