Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف مکمل صحت یابی تک لندن میں رہیں گے،رپورٹس

شائع 15 جنوری 2020 03:58pm
فائل فوٹو

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئیں۔ رپورٹس کے مطابق میاں نواز شریف صحت مند ہونے تک برطانیہ میں رہیں گے ۔

  میاں نواز شریف کے وکیل امجد پرویز کے ایسوسی ایٹ سلمان سرور نے چارمختلف رپورٹس ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس میں جمع کروائیں ۔ کارڈیک کنسلٹنٹ سرجن ڈیوڈ لارنس نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس تیار کیں جن میں بتایا گیا ہے کہ  نواز شریف کے امراض قلب کی ادویات بوقت ضرورت جاری رہیں گی ۔

رپورٹس کے مطابق نواز شریف کی انجیو گرافی فوری طور پر کروائی جائے ۔ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کو برقرار رکھنے کے لیے ماہرین اقدامات کررہے ہیں ۔ ان کو قلب ، گردے اور بلڈ پریشرکے مسائل درپیش ہیں ان کی حالت ابھی تک سنبھلی نہیں ۔ حالت بہتر ہونے تک دل کا مکمل علاج ممکن نہیں لہذا جب تک وہ صحت مند نہیں ہوتے برطانیہ میں رہیں گے ۔

لاہور ہائی کورٹ نے ہدایات جاری کی تھیں کہ میاں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے میڈیکل رپورٹس جمع کروائی جائیں ۔ عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے رپورٹس ہائی کورٹ آفس میں جمع کروائی گئیں۔