لاہور: شاہی قلعہ میں تقریب ، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس
شاہی قلعہ لاہور میں سالانہ ڈنر کے نام پر شادی کی تقریب منعقد کرنے پر والڈ سٹی اتھارٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ محکمے کا مؤقف ہے کہ کمپنی نے اجازت نامے کی خلاف ورزی کی ہے۔
نو جنوری کی رات قلعہ لاہور کے شاہی کچن میں ایک نجی کمپنی کی جانب سے کارپوریٹ ڈنر کے اجازت نامے پر مہندی کی تقریب منعقد کی گئی۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
گذشتہ رات اسسٹنٹ ڈائریکٹر والڈ سٹی لاہور اتھارٹی علی اسلام گُل کی مدعیت میں لاہور کے تھانہ ٹبی سٹی میں ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شاہی قلعے میں نجی کمپنی کی جانب سے منعقد نجی ڈنر کو شادی کے فنکشن میں تبدیل کیا گیا اور سرکاری اہلکاروں کے منع کرنے کے باوجود اس تقریب کو رات گئے دیر تک جاری رکھا گیا۔ ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری کے حکم پر نجی کمپنی کی جانب سے درخواست کے ساتھ جمع کروائی گئی ایک لاکھ روپے کی سکیورٹی ضبط کر لی گئی ہے جبکہ شاہی قلعے کے انچارج بلال طاہر کو بھی تقریب روکنے میں ناکامی پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے معطل انچارج بلال طاہر آج انکوائری کمیٹی کے سامنے بھی پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے اجازت نامے کی خلاف ورزی پر محکمے کو آگاہ کیا اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا ہے۔
Comments are closed on this story.